نائیجیریا میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی، 200 افراد ہلاک، لاکھوں بے گھر
نائیجیریا میں سیلابی صورت حال کے باعث 200 کے قریب افراد ہلاک ہو گئے جبکہ بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر اور فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ نائیجیریا کی 36 ریاستوں میں سے 28 ریاستوں میں سیلاب کے باعث ناقص انفرا اسٹرکچر اور خستہ حال ڈیموں کی وجہ سے 185 افراد ہلاک اور 2 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے۔
ایجنسی نے بتایا کہ بے گھر افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ سیلاب سے ایک لاکھ 7 ہزار ایکٹر پر پھیلی فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں جس کے سبب سخت متاثرہ شمالی علاقے میں خوراک کی قلت کا مزید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔