بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نااہلی کے معاملے پر اپیل کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
عمران خان کی جانب بیرسٹر ظفر کے ذریعے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاست سے باہر رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے تحائف ڈیکلیئر نہ کرنے کے غلط الزام پر بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کا ریفرنس بھیجا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کو میانوالی سےڈی سیٹ کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بانی پی ٹی آئی کو انتخابات لڑنے سے روک دیا گیا، لاہورہائیکورٹ کا لارجر بینچ الیکشن کمیشن کے خلاف اپیل پر سماعت کر رہا تھا مگر اسلام آبادہائیکورٹ نے اپیل واپس لینے کی استدعا منظور کرنے سے انکار کیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی وجہ سے لاہور ہائیکورٹ لارجر بینچ کارروائی آگے نہیں بڑھا پا رہا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔