Light
Dark

یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منائیں گے، وزیراعظم کی کابینہ اجلاس میں گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منائیں گے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو محنت، ایثار اور قربانی سےعظیم بنائیں گے، قوم جشن آزادی پورے جوش و جذبے سے منائے گی، اس عزم کی تجدید کریں گے کہ خدمت میں کسر اٹھانہ رکھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم اور ان کی فیملی کو وزیر اعظم ہاؤس پروٹوکول کے ساتھ لایا جائے گا، ارشد ندیم نے جشن آزادی کی خوشیاں دو بالا کردیں، ارشد ندیم نے طلائی تمغہ جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری، سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جارہا ہے۔

فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد کے ڈیلی ویجز ملازمین کی ریگولائریشن پر فیصلہ ہوگا۔

گوئٹے مالا اور پاکستان کے درمیان سیاسی روابط کے قیام سے متعلق یادداشت کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہے جبکہ اجلاسمیں پاکستان اور ایکواڈور کے مابین سیاسی روابط کے معاہدے پر دستخط کی منظوری لی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں پرائیویٹائزیشن کمیشن کے ممبران کی تعداد میں اضافہ پر فیصلہ ہوگا، حکومتی ملکیتی اداروں سے متعلق کمیٹی، سی سی ایل سی اور ای سی سی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنے کا معاملہ ایجنڈے سے نکال دیا گیا۔

وفاقی کابینہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ بھی لے گی، اس کے علاوہ وفاقی کابینہ میں ارشد ندیم کو ملک کا نام روشن کرنے پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔