نادار قیدیوں کی امداد کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اقدام سامنے آیا ہے، پنجاب بھر کی جیلوں میں نادار قیدیوں کو مفت قانونی مدد کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اب پنجاب میں کوئی غریب قیدی وکیل کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا، اس سلسلے میں صوبے کی تمام 43 جیلوں میں فری لیگل ایڈ کمیٹیاں قائم کردی گئیں، فری لیگل ایڈ کمیٹیاں پنجاب بار کونسل اور ضلعی بار ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے تشکیل دی گئی ہیں۔
پنجاب بھر میں کل 447 وکلا کو فری لیگل ایڈ کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ہے، لاہور ڈویژن میں 45 ، گوجرانولہ ڈویژن میں 90، راولپنڈی میں 70، فیصل آباد ڈویژن میں 47، ملتان میں 45، سرگودھا میں 24 وکلا کمیٹیوں میں شامل کیے گئے ہیں۔
اسی طرح بہاولپور ڈویژن 55، ساہیوال میں 55، ڈی جی خان میں 16 وکلا فری لیگل ایڈ کمیٹی میں شامل ہیں۔اس اقدام کے تحت نادار قیدی جو مقدمات کی پیروی کے لیے وکلا کا انتظام نہیں کر سکتے، انہیں فری لیگل ایڈ ملے گی، مستحق اسیران اپنے متعلقہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو درخواست دیں گے جنہیں وکلا سے ملوایا جائے گا۔