Light
Dark

سندھ حکومت: ای بسز کا نیا روٹ شروع کرنے کا اعلان

کراچی (29 اکتوبر 2025): سندھ حکومت نے گلشن معمار کے رہائشیوں کی سہولت کے لیے ٹاور تک ای بسز کا نیا روٹ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رہنما نیوز کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اہم اجلاس ہوا جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے جاری اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ گلشن معمار سے ٹاور تک ای وی بس کا نیا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ روٹ گلشن معمار اور اطراف کے رہائشیوں کی آمدورفت میں سہولت کے لیے شروع کیا جا رہا ہے اور اس روٹ پر 15 ای وی بسیں چلائی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کی نئی کھیپ جلد کراچی پہنچنے والی ہے جب کہ دسمبر میں ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز بھی کر دیا جائے گا۔