Light
Dark

واشنگٹن کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو آبنائے ہرمز بند رہے گی، ایران

ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق اپنا مؤقف ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا فیصلہ واشنگٹن کے طرزِ عمل میں تبدیلی سے مشروط ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عمان کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا آبنائے ہرمز فوری طور پر کھولنے سے کوئی تعلق نہیں۔ آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات ایران اور عمان کے درمیان جاری ہیں جبکہ امریکا ان مذاکرات کا فریق نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران کا کہنا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے مبینہ خلاف ورزیاں جاری رہیں تو آبنائے ہرمز کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ تہران کے مطابق آبنائے ہرمز کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ واشنگٹن اپنے رویے میں تبدیلی لائے۔

اس سے قبل امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا، ایران اور عمان آبنائے ہرمز سے متعلق ایک عبوری معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں اور ایرانی قیادت نے بھی مجوزہ معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق معاہدے کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔