Light
Dark

گرفتاری کی کوشش ہوئی تو خصوصی دستے موجود ہوں گے، نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اگر بیرونِ ملک ان کی گرفتاری کی کوئی کوشش کی گئی تو اس سے نمٹنے کے لیے خصوصی سکیورٹی دستے پہلے سے تیار ہیں۔ امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک ضرور جائیں گے اور اپنا دورہ منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ گرفتاری کی کسی بھی ممکنہ کوشش کے دوران خصوصی دستے ان کی حفاظت کے لیے موجود ہوں گے، تاہم انہوں نے ان دستوں کے کردار کی مزید وضاحت نہیں کی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیویارک کے میئر ظہران ممدانی ان کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں اور بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے وارنٹ پر بھی بحث جاری ہے۔ ادھر ایک حالیہ سروے کے مطابق 49 فیصد امریکیوں نے نیتن یاہو کی نیویارک آمد پر گرفتاری کی حمایت کی، جبکہ 27 فیصد نے اس کی مخالفت کی۔