کراچی: موسم کی تبدیلی کے باعث شہر میں نزلہ زکام کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، جناح اور سول اسپتال میں روزانہ آنے والے مریضوں کی تعداد پہلے کے مقابلے میں نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے۔
جناح اسپتال کی ایمرجنسی کے انچارج ڈاکٹر عرفان کے مطابق اسپتال میں روزانہ نزلہ زکام کے 70 سے 80 مریض رپورٹ ہورہے ہیں، جبکہ اس سے قبل یہ تعداد 40 سے 50 مریض یومیہ تھی۔
دوسری جانب سول اسپتال میں بھی نزلہ زکام کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ اسپتال میں روزانہ 30 سے 40 مریض علاج کے لیے آرہے ہیں، جبکہ پہلے یہ تعداد 15 سے 20 مریض یومیہ تھی۔
بچوں اور بزرگوں کو زیادہ احتیاط کی ہدایت
طبی ماہرین کے مطابق موسم کی تبدیلی نزلہ زکام اور فلو کے کیسز میں اضافے کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔ بچوں، بزرگوں اور ایچ آئی وی کے مریضوں کو ان بیماریوں سے زیادہ خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، اس لیے انہیں خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو فلو سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوانے، رش والی جگہوں پر ماسک استعمال کرنے اور صفائی کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق فلو ویکسین سرکاری سطح پر دستیاب نہیں، جس کے باعث شہریوں کو اس کی دستیابی کے لیے متعلقہ مراکز سے معلومات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔









