امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق خلیجی ممالک کو آگاہ کردیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ حملوں کے دوران ایران کی جوہری تنصیبات اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے آپشنز پر غور کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فوج ٹیکساس سے پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام کا ایک اضافی یونٹ اسرائیل منتقل کررہی ہے، جبکہ ایک اضافی طیارہ بردار بحری بیڑے کا جنگی گروپ اور میرینز کا دستہ بھی ممکنہ تعیناتی کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔









