کراچی میں 17 دن بعد 84 انچ قطر کی لائن کا مرمتی کام مکمل کرکے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی شروع کردی گئی، متاثرہ دنوں میں شہر کو چار ارب گیلن سے زائد سے پانی فراہم نہیں کیا جاسکا تھا، جس کی وجہ سے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے تھے۔
کراچی میں ریڈ لائن کے تعمیراتی کام کے دوران 84 انچ قطر کی لائن کو 2 مقامات سے پھاڑ دیا گیا تھا جس کے بعد واٹر کارپوریشن نے 3 دسمبر سے مرمتی کام کا آغاز کیا تھا، 9 دسمبر کو مرمتی کام مکمل کیا گیا، تاہم ایک مقام سے رساؤ آگیا، پھر مرمتی کام کے نام پر شہر کے مختلف علاقوں کا پانی بند کردیا گیا، تاہم 20 دسمبر کو بلآخر مرمتی کام مکمل کرلیا گیا۔
اس دوارن کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا تھا کہ لائن کی مرمت کا کام مکمل کرکے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی مرحلہ وار فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ شہر میں پانی کی فراہمی معمول پر آنے میں 24 گھنٹے لگیں گے۔