Light
Dark

کراچی: فٹ پاتھوں سے ٹھیلے ہٹانے کا فیصلہ، روڈ سائیڈ ہوٹلز کی رجسٹریشن لازمی قرار

کراچی: فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات اور ٹھیلوں کے خلاف کارروائی کے لیے کمشنر کراچی حسن نقوی نے بڑا فیصلہ کرلیا۔

کمشنر کراچی حسن نقوی کی زیرِ صدارت گراں فروشی کی روک تھام سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں شہر کے فٹ پاتھوں پر ٹھیلوں کی روک تھام کے لیے بلدیاتی اداروں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روڈ سائیڈ ہوٹلز کو کیو آر کوڈز اور حلف نامے کے ذریعے رجسٹرڈ کیا جائے گا، جبکہ کمشنر کراچی پورٹل پر غیر رجسٹرڈ روڈ سائیڈ ہوٹلز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل بھی کیا جائے گا۔

ترجمان کمشنر کراچی کے مطابق گراں فروشی کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران 17 گراں فروشوں کو گرفتار جبکہ 39 دکانیں سیل کی گئیں۔

اس موقع پر کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا کہ گراں فروشی اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے اور متعلقہ ادارے کارروائیوں میں تیزی لائیں۔