Light
Dark

ایرانی سپریم لیڈر کی معاشی استحکام، قومی اتحاد اور سکیورٹی کو ترجیح دینے کی ہدایت


ایران کے سپریم لیڈر سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں معاشی استحکام، عوامی فلاح، قومی اتحاد اور پائیدار سکیورٹی کو اہم قومی ترجیحات قرار دیا ہے۔ انہوں نے ملکی مفادات کے تحفظ اور عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق یہ امور سپریم لیڈر کی صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژه ای اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران زیرِ بحث آئے۔

صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں عوام کی بنیادی ضروریات، جنگ کے معاشی اثرات، فوجی صورت حال، روزگار، رہائش، بیرونی اقتصادی تعلقات اور ملکی کرنسی و زرمبادلہ کے انتظام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر توانائی کے وسائل کے مؤثر استعمال اور بہتر انتظام کے معاملات بھی زیرِ غور آئے۔

صدر پزشکیان نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سردیوں کے موسم میں گیس اور بجلی کی فراہمی میں تعطل سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جانے چاہییں۔

ایرانی قیادت کی جانب سے معاشی استحکام اور عوامی فلاح پر زور ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کو جنگ کے باعث فوجی صورت حال کے ساتھ معاشی دباؤ اور توانائی کے شعبے میں مختلف چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق قومی اتحاد، پائیدار سکیورٹی اور ملکی وسائل کے مؤثر استعمال کو بھی قومی مفادات کے تحفظ اور موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے اہمیت حاصل ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *