
کراچی: شارع فیصل پر پولیس کار کو ٹکر مار کر فرار ہونے والے ڈمپر ڈرائیور نے گرفتاری دے دی اور اس کا ڈمپر بھی ضبط کر لیا گیا۔
کراچی میں شارع فیصل پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس کی جانب سے روکنے پر فرار ہونےوالے ڈمپر ڈرائیور نے خود گرفتاری دی۔
ڈمپر ڈرائیور کے فرار کی ویڈیو دو روز قبل وائرل ہوئی تھی،جسے کار میں سوار ٹریفک پولیس کے اہلکار روکنے کی کوشش کررہے تھے لیکن ڈرائیور انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ گاڑی کو ٹکر مارتے ہوئے فرار ہوگیا ۔
تیز رفتاری کے باعث دیگر گاڑیوں میں سوار شہریوں کی زندگی بھی خطرے میں دیکھی گئی ۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹریفک پولیس کی جانب سے بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اس ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود اور دیگر سے رابطہ کیا گیا ۔ پہلے تو انہوں نے وقت مانگا بعد میں وہ اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ گئے اور ڈمپر و ڈرائیور کو پیش نہ کرسکے ۔