
وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی شپنگ کمپنی اے پی مولر میرسک کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین رابرٹ میرسک نے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان کے میری ٹائم شعبے میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری سمیت مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے ساتھ گزشتہ برس طے پانے والی یادداشتوں کو جلد معاہدوں کی شکل دی جائے گی ۔اس مقصد کے لیے وزیراعظم نے ایک ٹیکنیکل ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت کی جو ایک ماہ کے اندر سفارشات پیش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ وقت ہے تمام رکاوٹیں دور کرکے میری ٹائم شعبے کو عالمی معیار پر لایا جائے، کمپنی کی سرمایہ کاری سے پاکستان کی میری ٹائم سیکٹر میں مثبت تبدیلی آئے گی، خطے میں تجارت اور نقل و حمل کے لیے پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی شپنگ کمپنی کو مزید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت بھی دی ۔
رابرٹ میرسک نے کہا کہ کمپنی کے کلائنٹس نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ، اس خطے میں اے پی مولر میرسک کا پہلا بحری جہاز 1924 میں آیا تھا، آج خطے میں پاکستان سے ہمارے تعلقات تاریخ کے مضبوط ترین ہیں، وسط ایشیائی ممالک سے تجارت کے لیے پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔
رابرٹ میرسک نے پاکستان کے سی پورٹس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بندرگاہوں میں لاجسٹکس کا جدید ترین نظام لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ رابرٹ میرسک نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی سرمایہ کاری کے لئے پُرکشش قرار دیا۔
ملاقات میں عالمی شپنگ کمپنی کے ڈی ای او کیتھ سوینڈسن، ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف ، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد چیمہ، جنید انور، مشیر توقیر شاہ، طارق فاطمی نے شرکت کی ۔