پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے دو سابق وزرا کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے خیبر پختونخوا کے سابق وزرا کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کے فیصلے پر بانی پی ٹی آئی کو رضامند کرلیا ہے۔
سابق وزیر خزانہ کے پی تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ یہ اندرونی معاملہ ہے، اس پرکوئی تبصرہ نہیں کرسکتا، میں کچھ کہوں گا تو بانی پی ٹی آئی کےمقصد کو نقصان پہنچےگا۔
تیمور جھگڑا نے مزید کہا کہ میں ساتھیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے پر یقین نہیں رکھتا، بانی پی ٹی آئی نے مجھے پہلی پی ٹی آئی حکومت میں 2 بڑی وزارتیں دی تھیں اور اب بھی انہوں نے مجھے بلایا تھا لیکن ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے اس حوالے سے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اور اندرونی معاملے پر میڈیا پر کوئی بات کہنا ضروری نہیں۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کچھ عرصے قبل علی امین کوکامران بنگش اور تیمور جھگڑا کو کابینہ میں شامل کرانے کا کہا تھا اور اس حوالے سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے وزیراعلیٰ کے پی کو عمران خان کا پیغام پہنچایا تھا۔