خیبرپختونخوا حکومت نے کرم میں اوچت، مندوری سمیت دیگر علاقوں میں شرپسندوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت کرم کے معاملے پراجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
ترجمان خیبر پختونخوا کے مطابق متعلقہ حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو آج کے ناخوشگوار واقعے پر بریفنگ دی گئی جبکہ علی امین گنڈاپور نے گاڑیوں کے قافلوں پر فائرنگ اور لوٹ مار کے واقعات کی مذمت کی۔
اجلاس میں کرم کے علاقے اوچت، مندوری سمیت دیگر علاقوں کو شرپسندوں سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور متعلقہ حکام کو ان علاقوں میں موجود شرپسندوں کے خلاف بلاتفریق اور سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔