Light
Dark

حماس نے مزید 3 یرغمالی رہا کر دیے، اسرائیل 183 فلسطینی قیدیوں کو چھوڑے گا

حماس نے غزہ میں قید مزید 3 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے، جب کہ اسرائیل کے زیر حراست 183 فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ بھی کچھ دیر بعد کیا جائے گا۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی قیدیوں کو ہفتے کی صبح ایک تقریب میں ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے حوالے کیا گیا، غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت یہ پانچواں تبادلہ ہے، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فلسطینیوں کو جبری طور پر بے دخل کرنے کی تجویز کے تناظر میں کمزور ہوتا جا رہا ہے۔

مارچ کے اوائل تک جاری رہنے والی جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے تحت اسرائیل کے مزید 3 سویلین افراد 52 سالہ ایلی شاربی، 34 سالہ یا لیوی اور 56 سالہ احد بن امی کو رہا کیا گیا۔

قیدیوں کی حوالگی سے قبل انہیں وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں بنائے گئے ایک اسٹیج پر لایا گیا، جس کے ارد گرد قاسم بریگیڈ کے اہلکار موجود تھے، اور ان کے ہاتھوں میں رہائی کا سرٹیفکیٹ تھا، اسٹیج پر لگے بینرز پر لکھا تھا: ’ہم سیلاب ہیں، ہم جنگ کا اگلا دن ہیں۔‘

الجزیرہ کے طارق ابو عزوم کی خبر کے مطابق ہجوم نے حماس کے عسکری ونگ قسام بریگیڈ کی حمایت میں نعرے لگائے۔