![](https://rehnumanews.tv/wp-content/uploads/2025/02/image-96.png)
پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر رمضان المبارک سے قبل ضروری اشیاء کی ذخیرہ اندوزی کنٹرول کرنے کا مطالبہ کردیا، ساتھ ہی کہا کہ حکومت سبسڈی دینے کے بجائے سرکاری نرخوں پر عمل یقینی بنائے۔
پی بی ایف کے صدر خواجہ محبوب الرحمان نے کہا کہ اس وقت چینی کی ذخیرہ اندوزی شروع ہوگئی ہے، مارکیٹ میں ذخیرہ اندوز مافیا سرگرم، مارچ کے ایڈوانس سودے ہورہے ہیں، ہر سال رمضان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے، وزیراعظم سخت ہدایات دیں تاکہ رمضان میں کھانے پینے کی اشیاء میں استحکام رہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف سیکریٹریز کو سخت میکنزم بنانے کا حکم دیا جائے، ترقی پذیر ممالک میں رمضان کے مہینے میں قیمتیں آدھی ہو جاتی ہیں، پاکستان میں ناجائز منافع خوری اپنے عروج پر آجاتی ہے۔
پی بی ایف کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیز کی غفلت سے دکاندار اور ریڑھی والا مرضی کی قیمت وصول کرتا ہے، مارکیٹ کمیٹیوں کی نگرانی کے مکمل اختیارات بھی ضلعی انتظامیہ کو واپس دیے جائیں۔
خواجہ محبوب الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو رمضان میں ڈیمانڈ سپلائی کے مصنوعی شارٹ فال کو ختم کرنا ہوگا، اس طرح کے اقدامات عوام پر پڑنے والا مالی بوجھ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔