بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع ہاوڑہ میں خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو 10 لاکھ روپے میں گردہ بیچنے پر آمادہ کیا، تاکہ یہ رقم ان کی بیٹی کی تعلیم کے لیے استعمال کی جائے۔
تاہم گردہ نکالنے کیلئے شوہر کی سرجری کے بعد خاتون رقم لے کر آشنا کے ساتھ فرار ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق خاتون گزشتہ ایک سال سے اپنے شوہر پر دباؤ ڈال رہی تھی کہ وہ گردہ بیچ کر ان کی مالی حالت بہتر بنائے اور اپنی 12 سالہ بیٹی کو ایک اچھے اسکول میں داخلہ دلائے۔
آخر کار شوہر نے رضامندی ظاہر کی اور گزشتہ ماہ گردہ فروخت کرنے کے بعد 10 لاکھ روپے گھر لے آیا۔جس کے بعد بیوی نے اسے آرام کرنےکی ہدایت کی، مگر کچھ ہی دن بعد وہ اچانک گھر چھوڑ کر چلی گئی اور الماری میں رکھی رقم بھی لے گئی۔
خاتون کے فرار ہونے کے بعد شوہر اور اس کے اہلِ خانہ نے دوستوں کی مدد سے اسے کولکتہ میں ڈھونڈ نکالا، جہاں وہ ایک مرد کے ساتھ رہ رہی تھی، جس سے اس کی ایک سال قبل فیس بک پر دوستی ہوئی تھی اور مبینہ طور پر ناجائز تعلقات قائم تھے۔
پولیس نے شکایت کی بنیاد پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی خاتون اور اس کے مبینہ آشنا سے پوچھ گچھ کرے گی، جس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔