امریکی اور ڈچ حکام نے بڑے عالمی کریک ڈاؤن میں پاکستان میں قائم سائبر کرائم نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس پر دنیا بھر میں جرائم پیشہ افراد کو ہیکنگ ٹولز اور فراڈ کو ممکن بنانے والی خدمات فروخت کرنے کا الزام ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ انصاف (ڈی او جے) نے اس نیٹ ورک کی شناخت ’ہارٹ سینڈر‘ کے طور پر کی ہے، جس کی سربراہی مبینہ طور پر صائم رضا نامی شخص کر رہا تھا۔
اگرچہ ڈی او جے نے صائم رضا یا اس کے ٹھکانے کے بارے میں تفصیلات ظاہر نہیں کیں، لیکن بتایا ہے کہ اس نیٹ ورک نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک آن لائن بازار چلائے، جس میں جعل سازی، میلویئر کی تقسیم اور بڑے پیمانے پر مالی فراڈ کو سہولت فراہم کی گئی۔
آپریشن ’ہارٹ بلاکر‘ کے ایک حصے کے طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نیٹ ورک کے زیر استعمال 39 ڈومینز اور متعلقہ سرورز کو قبضے میں لے لیا، ڈی او جے کا اندازہ ہے کہ ان پلیٹ فارمز نے صرف امریکا میں 30 لاکھ ڈالر سے زیادہ کا مالی نقصان پہنچایا۔