اداکار عماد عرفانی نے اعتراف کیا ہے کہ خوبصورت ہونے کا انہیں فائدہ ملا جب کہ وہ اپنی خواتین مداحوں سے متعلق نہیں جانتے کہ وہ کتنی ہیں اور کیوں ان کی مداح ہیں، وہ اس معاملے میں سادہ ہیں۔
عماد عرفانی نے حال ہی میں ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی خوبصورتی، اداکاری اور مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ کی کامیابی کے بعد ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، لوگ انہیں مزید جاننے لگے، ان کا احترام کرنے لگے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکار نے اپنی مداح خواتین سے متعلق مبہم جواب دیا اور کھل کر بات نہ کر سکے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان، جنید جمشید اور فواد خان کے مقابلے ان کی مداح خواتین کی تعداد بہت کم ہوگی۔
ایک اور سوال کے جواب میں عماد عرفانی نے اپنی اہلیہ مریم کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے کیریئر اور شخصیت میں بہتری میں ان کی اہلیہ کا بھی بڑا ہاتھ رہا ہے۔
ان کے مطابق بطور شریک حیات ان کی اہلیہ سمجھدار رہی ہیں، انہیں کبھی ان کے کام یا خواتین کے ساتھ قریب آنے پر کوئی مسئلہ نہیں ہوا، وہ جانتی ہیں کہ بطور اداکار ان کے شوہر کی کیا ذمہ داریاں ہیں۔
عماد عرفانی نے خوبصورتی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اعتراف کیا کہ خوبصورت ہونے کا انہیں فائدہ ہوا، اچھی شکل و صورت ان کی کامیابی اور مضبوطی بنی۔