ڈیزہ غازی خان کے علاقے نوتک مہیمید میں ایل پی جی باؤزر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوگیا، واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ دو ٹرک، ایک ٹریکٹر اور رکشہ بھی دھماکے کی زد میں آکر تباہ ہوگئے۔
ڈیرہ غازی خان کے تھانہ کوٹ چٹھہ میں ایس ایچ او کی مدعیت میں ایل پی جی باؤزر دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق نوتک مہیمید میں ایل پی جی باؤزر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، مقدمہ پیٹرول پمپ اور ہوٹل کے مالکان کے خلاف درج کرلیا گیا، جس میں آٹھ نامزد اور گیس باؤزرز کے 8 نامعلوم ڈرائیوروں کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول پمپ سے ملحقہ ہوٹل پر 5 گیس باوزرز کھڑے تھے، گیس لیکیج کے بعد ایک ڈرائیور اپنے گیس باوزر کو نکال کر دور لے گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق گیس باوزر میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا،دھماکے سے دو ٹرک، ایک ٹریکٹر اور رکشہ جل گئے، آگ لگنے اور دھماکے سے پیٹرول پمپ اور ہوٹل کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔
ایف آئی آر کے متن میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے حفاظتی انتظامات کے بغیر گیس باؤزرز کو آبادی کے قریب کھڑا کرکے سنگین جرم کیا۔