ڈان نیوز کے مطابق پی ایف یو جے نے پیکا ایکٹ کو ڈریکونین قانون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے پریس کلبز کے باہر صحافی شام 3 بجے احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔
پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل ارشد انصاری نے کہا کہ کل ملک بھر کے پریس کلبز کے باہر مظاہرے کریں گے، حکومت نے اپیل کے باوجود قانون پر مشاورت نہیں کی۔
پی ایف یو جے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ترامیم آئین کی روح کے منافی ہیں، جنہیں ہرگز قبول نہیں کریں گے، تمام صحافی متحد ہو کر حکومت کو ٹھوس پیغام دیں، کل کے مظاہروں میں صحافی ضرور شرکت کریں۔
واضح رہے کہ اب سے چند گھنٹے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے پیکا ترمیمی بل کی منظوری دی تھی، کمیٹی کے اجلاس میں صحافتی تنظیموں اور جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بل کی مخالفت کی تھی۔