پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جگہ جنید اکبر کو صوبائی صدر منتخب کردیا۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ ہیں اور ان پر بڑی ذمہ داریاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کی خواہش پر ہی ان سے پارٹی کی صوبائی صدارت واپس لی اور انہیں صوبے میں امن و امان اور گورننس کے معاملات پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنید اکبر کو پاکستان تحریک انصاف خیبر پختوانخوا کا نیا صدر مقرر کردیا گیا ہے جب کہ عمران خان سے جیل میں ملاقات کرنے والوں میں جنید اکبر بھی شامل تھے۔