امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اچھا ہوگا کہ شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کےامریکی حصص ایلون مسک یا اوریکل کمپنی کے چیئرمین لیری الیسن خریدیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری کو عہدہ سنبھالتے ہی امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کے قانون کو 75 دن تک منسوخ کردیا تھا اور اب آئندہ ڈھائی ماہ کے دوران ٹک ٹاک کو ہر حال میں اپنے امیریکی شیئرز کسی بھی امریکی شہری یا کمپنی کو فروخت کرنے ہوں گے۔
یہ پہلے ہی خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹک ٹاک کے امریکی شیئرز ایلون مسک خریدیں گے جب کہ دوسرے مضبوط امیدوار میں اوریکل کمپنی شامل ہیں، جس کے ساتھ پہلے ہی ٹک ٹاک امریکا میں بعض سروسز پر مشترکہ طور پر کام کر رہا ہے۔
اب ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ اچھا ہوگا کہ اگر ٹک ٹاک کے امریکی شیئرز ایلون مسک یا لیری الیسن خریدیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این بی سی‘ کے مطابق صحافیوں کے سوال و جواب دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سوال پر کہا کہ اگر ایلون مسک ٹک ٹاک کو خریدنا چاہیں تو وہ ان کی مدد کے لیے موجود ہیں۔