پیر کو نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ صدارت کا حلف اٹھایا،جس کے بعد وہ امریکا کے 47 ویں صدر بن گئے۔
امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر ٹرمپ سے عہدے کا حلف لیا۔
حیران کن طور پر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت کا حلف اٹھانے کے موقع پر بائبل پر ہاتھ نہیں رکھا۔
خاتون اول میلانیا ٹرمپ صدر کے ساتھ کھڑی تھیں، جنہوں نے 2 بائبلز تھام رکھی تھیں، لیکن ٹرمپ نے حلف لیتے وقت اپنا سیدھا ہاتھ بلند کیا اور کسی بائبل پر ہاتھ نہیں رکھا۔
امریکی صدر کے لیے بائبل پر ہاتھ رکھنا قانونی طور پر ضروری نہیں ہے لیکن روایت کے تحت صدر عہدے کا حلف ایک ہاتھ بائبل پر رکھ کرلیتا ہے۔
امریکا میں صدیوں سے صدربائبل پر ہاتھ رکھ ہی کر حلف لیتا ہے۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کے اس غیرمتوقع اقدام نے لوگوں کو حیرت زدہ کر دیا۔
20 جنوری 2017 کو اپنے پہلے دورہ صدارت کی حلف برداری کے دوران ٹرمپ نے دائیں ہاتھ کو 2 بائبلز پر رکھا تھا۔