وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان کے طلبا میں اسکالرشپس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپس بچوں کی محنت کا صلہ ہے۔ اور میں تمام بچوں سے اپنے بچوں کی طرح پیار کرتی ہوں۔ اسکالرشپس حاصل کرنے والے طلبا کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اتنا پیار مل رہا ہے کہ میں آپ کا شکریہ بھی ادا نہیں کرسکتی۔ میں ہر ڈویژن میں خود گئی اور بچوں کو اسکالرشپس دیں۔ طلبا کو 30 ہزار اسکالرشپس میرٹ پر دی گئیں۔ اور اگرایک اسکالرشپ بھی سفارش پر دی گئی تو میں استعفیٰ دے کر گھر چلی جاؤں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کا کام صرف پراپیگنڈا کرنا ہے۔ اور مخالفین کو سمجھ ہی نہیں آرہی کہ کیا ہو رہا ہے۔ مخالفین سوچ رہے ہیں کہ میری اور طلبا کی محبت کا کیا جواب دیں۔ جبکہ کل مخالفین کہہ رہے تھے کہ یہ سب ڈرامہ ہوتا ہے۔ مخالفین نے جھوٹ میں آنکھ کھولی اور بڑے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ میرے کندھوں پر آپ کے خواب پورے کرنے کا بوجھ ہے۔ اور طلبا کی تعلیم میں بہتری کے لیے محنت کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اور تمام لوگ پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔