Light
Dark

مرد اور عورت کبھی برابر نہیں ہو سکتے، خدا نے مرد کا رتبہ اور درجہ بڑا رکھا ہے، سینئیر و معروف اداکارہ صباء فیصل

صبا فیصل نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شادی کے وقت انہیں ان کی والدہ نے ہدایت کی تھی کہ وہ ہمیشہ اپنے شوہر سے ایک قدم نیچے اور پیچھے رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے انہیں ہدایت کی تھی کہ شوہر سے ایک قدم پیچھے رہنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ جب بھی پیچھے مڑ کر دیکھیں گی تو انہیں مدد کے لیے شوہر نظر آئیں گے۔

صبا فیصل کے مطابق اس بات میں کوئی شک نہیں کہ مرد اور عورت برابر نہیں، خدا نے مرد کا رتبہ زیادہ رکھا ہے اور اس معاملے پر بات کرنے کو متنازع سمجھا جاتا ہے اور ان کی بات سے بھی بہت سارے لوگوں کو اختلاف ہوگا۔

اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے والدہ کی بات پر عمل کرتے ہوئے شوہر کو ہمیشہ عزت دی، اسی وجہ سے ہی شوہر نے بھی انہیں عزت دی اور سر پر بٹھا کہ رکھا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے اور شوہر کے درمیان اختلافات بھی ہوتے ہیں لیکن کبھی ایک دوسرے کو بائی پاس نہیں کیا، انہوں نے کبھی شوہر کی رضامندی کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا، وہ دلائل سے شوہر کو مطمئن اور راضی کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

سینیئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ شوہر کا رتبہ زیادہ ہے لیکن ایسے شوہروں کا درجہ بالکل بھی زیادہ نہیں جو کہ اپنی بیویوں کی عزت نہیں کرتے، انہیں برابر نہیں سمجھتے۔