سرکاری خبر ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہانگ کانگ کے نشریاتی ادارے ’بی نیوز‘ کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا پانڈا بانڈز سے چین کی کیپیٹل مارکیٹس میں شمولیت اور چینی سرمایہ کاروں سے 20 کروڑ ڈالر جمع کرنے کا ارادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی طرف منتقل کرنے پر توجہ دی جارہی ہے تاکہ ادائیگیوں کے توازن میں پائیداری حاصل کی جائے۔
انہوں نے سی پیک کے نئے فیز کی اہمیت پر زور دیا اور واضح کیا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ مزید چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاری کو راغب کرے گا۔
انہوں نے ہانگ کانگ کو پاکستان میں تجارتی اور مالیاتی مواقع کا جائزہ لینے کے لیے وفود بھیجنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہانگ کانگ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے ایک موزوں مقام ثابت ہو سکتا ہے۔