میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس کی آگ کی وجہ سے میگھن مارکل کی درخواست پر ان کی نیٹ فلکس سیریز ‘وتھ لوو’ کی ریلیز ڈیٹ تبدیل کر دی گئی۔
نیٹ فلکس سیریز ‘وتھ لوو’ 15 جنوری کو ریلیز ہونی تھی لیکن اب 4 مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔
میگھن مارکل نے کہا کہ میں نیٹ فلکس کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ریلیز میں تاخیر میں میری مدد کی، ہماری توجہ میری آبائی ریاست کیلیفورنیا میں جنگل کی آگ سے متاثر ہونے والوں کی ضروریات پوری کرنے پر مرکوز ہے۔
نیٹ فلکس سیریز’وتھ لوو’ میگھن مارکل نے پروڈیوس بھی کی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگی آگ پر تقریباً ایک ہفتہ گزرجانے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔
مختلف مقامات پر لگی یہ آگ اب تک تقریباً 40 ہزار ایکڑ رقبے کو جلا کر خاکستر کرچکی ہے۔
اس آگ کے نتیجے میں اب تک 24 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد لاپتا ہیں، آگ کے باعث 12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، ساڑھے 1100 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جو اب تک آگ پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔