قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پیرس کیلئے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز اسلام آباد سے 10جنوری کو دوپہر 12 بجے پیرس کے لیے روانہ ہو گی جس کی تمام سیٹیں بُک ہوچکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان سے پیرس کی دوطرفہ پرواز کی اکانومی کی کلاس کی تقریباً تمام نشستیں فروخت ہوگئی ہیں، پہلی پرواز سے پی آئی اے کو گیارہ کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو حاصل ہوگا۔
ترجمان کے مطابق طیارے میں مجموعی طور پر 323 مسافروں کی گنجائش ہے اور پہلی پرواز میں ایگزیکٹو اکانومی کی صرف گیارہ نشستیں باقی بچی ہیں۔ اگلے ہفتے والی پروازوں کی بھی تقریباً 85 فیصد سیٹیں فروخت ہوگئی ہیں، صرف ایگزیکٹو اکنامی کی کچھ نشتیں باقی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ یورپ سے پاکستان براہ راست پروازوں کی بہت ڈیمانڈ تھی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز پی کے749 جمعہ کی دوپہر 12 بجے 300 سے زائد مسافروں کو لے کرروانہ ہو گی۔