کیوی ٹیم کے جارح مزاج اوپنر مارٹن گپٹل نے جمعرات کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس کے بعد ایک دہائی پر محیط ان کا کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔
38 سالہ کرکٹر نے اکتوبر 2022 میں آخری بار نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی تھی۔
مارٹن گپٹل کا کہنا ہے کہ وہ دنیا بھر میں ہونے والی ٹی 20 لیگز میں دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹے بچے کی طرح نیوزی لینڈ کے لیے کھیلنا میرا ہمیشہ سے خواب تھا اور میں اپنے ملک کے لیے کھیلنے پر خود کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں۔
کیوی کرکٹرنے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ گزارا گیا وقت ہمیشہ مجھے یاد رہے گا۔
مارٹن گپٹل نے کہا کہ میں اپنے تمام ساتھیوں اور کوچنگ اسٹاف کا شکریہ ادا کرتا ہوں خاص طور پر مارک اوڈونل کا جنہوں نے انڈر 19 کی سطح سے میری کوچنگ کی اور پورے کیریئر میں میرے ساتھ تعاون کیا۔
واضح رہے کہ گپٹل نے 2009 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈیبیو کیا تھا اور انہوں نے 47 ٹیسٹ، 198 ون ڈے انٹرنیشنل اور 122 ٹی 20 انٹرنیشنل میں ملکی نمائندگی کی۔