Light
Dark

کراچی: شارجہ میں پی آئی اے کے ایک ملازم نے فرض شناسی اور ایمان داری کی مثال قائم کر دی

کراچی: شارجہ میں پی آئی اے کے ایک ملازم نے فرض شناسی اور ایمان داری کی مثال قائم کر دی، جب انھوں نے ہزاروں درہم سے بھرا ایک گمشدہ پرس اس کے مالک کے حوالے کیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پشاور سے شارجہ جانے والی پرواز پر ایک مسافر اپنا پرس جہاز پر بھول گیا تھا، پرس میں تقریبا 15 ہزار درہم سمیت ضروری کاغذات موجود تھے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کے کیبن کی صفائی کے دوران قومی ایئر لائن کے ملازم اسامہ خان کو نقدی اور پرس سمیت ضروری کاغذات ملے، جس پر اس نے فی الفور پیشہ ورانہ اقدام کرتے ہوئے مسافر کو بروقت اطلاع دے دی۔
ملازم نے ایئرپورٹ پر موجود گراؤنڈ ہینڈلنگ ٹیم کی موجودگی میں تمام رقم اور پرس مسافر کے حوالے کر دی، مسافر نے پی آئی اے عملے کی ایمان داری اور سروسز کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
پابندی اٹھنے کے بعد پی آئی اے کا یورپ فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا نیا خدشہ
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایمان داری اور با اعتمادی کے ایسے اقدامات سے پی آئی اے پر مسافروں کے اعتماد کو خوب تقویت ملتی ہے۔
واضح رہے کہ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے شعبہ انجینئرنگ انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی کے سبب پی آئی اے کے 34 کے فلیٹ میں 17 طیارے گراؤنڈ ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے یورپ فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 کے 12 طیاروں میں سے 7 گراؤنڈ ہیں، ایئر بس 320 ساختہ 17 طیاروں میں سے 7 گراؤنڈ ہیں، جب کہ 5 اے ٹی آر طیاروں میں سے صرف 2 طیارے فلائٹ آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *