مہنگائی میں کمی سے شرح سود میں ایک اور بڑی کمی متوقع
ایک بروکریج ہاؤس کے سروے میں کہا گیا ہے کہ توقع کی جارہی ہے کہ مہنگائی کی رفتار کم ہونے اور اقتصادی اشاروں میں بہتری کی بدولت اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) شرح سود میں مزید 200 بیسس پوائنٹس (بی پی ایس) کی کمی کرسکتا ہے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے منگل کے روز بتایا کہ سروے میں 71 فیصد شرکاء کو توقع تھی کہ مرکزی بینک کم از کم شرح سود میں 200 بی پی ایس کی کمی کا اعلان کرے گا۔
بروکریج ہاؤس کے مطابق 63 فیصد افراد نے 200 بی پی ایس تک شرح سود میں کمی کی توقع ظاہر کی، 30 فیصد نے 250 بی پی ایس اور 7 فیصد نے 250 بی پی ایس سے زیادہ کی کمی کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔ بقیہ 29 فیصد کو 50 سے 150 بی پی ایس کے درمیان شرح سود میں کمی کی توقع ہے۔