وفاقی وزیر پاور اویس احمد لغاری پاک، روس بین الحکومتی کمیشن میں شرکت کیلئے تین روزہ سرکاری دورے پر ماسکو روانہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان کمیشن اجلاس میں شرکت کیلئے پاور اور پیٹرولیم ڈویژنوں کے سیکرٹریز سمیت تجارت اور ریلوے اور سرکاری تیل اور گیس کمپنیوں کے اعلیٰ حکام پہلے ہی ماسکو پہنچ چکے ہیں۔
کمیشن اجلاس میں ماہرین کی سطح کے مذاکرات آج سے شروع ہوں گے جبکہ پاک روس بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس 4 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔
وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق پاک روس بین الحکومتی کمیشن میں توانائی، تجارت اور صنعتی شعبے سمیت ریلوے رابطوں کا فروغ زیر بحث آئے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور روس کے درمیان پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن کے مستقبل کے لائحہ پر بھی بات چیت متوقع ہے، روس پر امریکی پابندیوں کے بعد پاک اسٹریم گیس پائپ لائن پر پیشرفت رکی ہوئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاک اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کا پرانا معاہدہ نارتھ ساؤتھ پائپ لائن ہے اور یہ گیس پائپ لائن کراچی سے لاہور تک بننی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ اجلاس میں پاکستان اور روس کے درمیان آئل ریفائننگ اور سمندر سے تیل و گیس کی تلاش پر بھی بات چیت ہوگی کمیشن اجلاس میں ریلوے رابطوں اور تجارت کے فروغ کا بھی جائزہ لیا جائے گا