Light
Dark

عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق درخواست پر اہم پیشرفت

امریکا میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحتیابی اور رہائی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور نمائندہ وزارت خارجہ عدالت میں پیش ہوئے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق اور عدالتی معاون زینب جنجوعہ بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عافیہ صدیقی کیس میں امریکا جانے والے وفد کی مالی معاونت کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔

نمائندہ وزارت خارجہ کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ وفد کے ویزوں کی درخواست وزارت خارجہ نے بھیج دی، امید ہے ایک ہفتے تک منظوری ہو جائے گی۔
وزارت خارجہ کے نمائندے کا بتانا ہے کہ ہم ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ذاتی وجوہات پر سینیٹر عرفان صدیقی وفد کے ساتھ نہیں جا سکتے، حکومت کی جانب سے سینیٹر بشریٰ وفد کے ساتھ امریکا جائیں گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکا میں ایک متنازع عدالتی فیصلے کے باعث 86 سالہ سزا کاٹ رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *