اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کو گورنر راج جیسے اقدام پر مجبور کیا جارہا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کو گورنر راج جیسے فیصلے کرنے کا شوق نہیں مگر ہمیں مجبور کیا جارہا ہے، ہم سیاسی حکومت ہیں ایسا اقدام نہیں کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ آخری وارننگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور علی امین کے وارنٹ نکلے تھے، حکومت کی آنکھیں کھلی ہیں دیکھ رہی ہے کہ کون سا اشتہاری کہاں چھپا ہوا ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پر جو اتحادی نہیں بھی تھے ان کو ٹیبل پر بٹھایا تھا، پی ٹی آئی مذاکرات کو ہماری کمزوری سمجھ بیٹھی، مسائل پر بات ہوسکتی ہے لیکن این آر آو پر نہیں، پی ٹی آئی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر بھی عمل نہیں کررہی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری کی بات غورسے سنتے ہیں اور ان کی نشاندہی اہم ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے باربار اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی باتیں کچھ عرصے سے زیر گردش ہیں مگر اس بار میں کوئی حتمی بات سب تک سامنے نہیں آئی