کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں انٹرنیٹ صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے
انٹرنیٹ کی رفتار آہستہ ہونے کی وجہ سے صارفین کے لیے واٹس ایپ اور دیگر ایپلی کیشنز پر تصاویر، ویڈیوز اور وائس نوٹس بھیجنا اور وصول کرنا دشوار ہو گیا ہے۔۔
ائی فائی ہو یا موبائل ڈیٹا سروس، صارفین کے لیے کسی بھی صورت انٹرنیٹ کا استعمال ذہنی کوفت کا سبب بننے لگا ہے، گھروں سے کام کرنے والے ہوں یا فری لانسرز، ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے وابستہ افراد ہوں یا آن لائن کلاسز لینے والے طالب علم انٹرنیٹ میں خلل کے باعث سب ہی شدید پریشان ہیں۔
پاکستان کے معاشی حب کراچی میں بھی انٹرنیٹ اسپیڈ تاحال سست ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، شہرکے مختلف علاقوں میں خصوصاً واٹس ایپ میسیجنگ میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں آڈیو، ویڈیو، تصاویر کی ترسیل میں حد سے زیادہ وقت لگ رہا ہے، صدر، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، گلستان جوہر کے مختلف علاقے متاثر ہیں، بعض علاقوں میں وائی فائی سروس بھی کام نہیں کر رہی۔
پاکستان میں انٹرنیٹ کی انتہائی خراب صورتحال پر آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی سست روی سے ملکی معیشت کو روزانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔