ھ
بھارتی وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت سابق کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے بھارتی کرکٹر بن گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رشبھ پنت نے یہ اعزازگزشتہ دنوں آئی پی ایل 2025 کی نیلامی میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی جانب سے ریکارڈ توڑ بولی پر خریدے جانے کے بعد حاصل کیا۔
گزشتہ دنوں آئی پی ایل سیزن 2025 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی 2 روزہ تقریب سعودی عرب کے شہر جدہ میں شروع ہوئی جس میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے بھارتی کرکٹر رشبھ پنت پر آئی پی آیل کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی لگائی اور انہیں 27 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا۔
جس کے بعد پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رشبھ پنت بی سی سی آئی کے 2023-24 کے سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری میں شامل ہیں، جہاں سے انہیں سالانہ 3 کروڑ بھارتی روپے ملتے ہیں۔
تاہم آئی پی ایل میں 27 کروڑ روپے معاوضے کے بعد اب ان کی سالانہ آمدنی مجموعی طور پر 30 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اس طرح رشبھ پنت نے ویرات کوہلی کو سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے بھارتی کرکٹرز کی فہرست میں پیچھے چھوڑ دیا۔
36 سالہ کوہلی کی آئی پی ایل اور سینٹرل کنٹریکٹ کو ملا کر مجموعی طور پر سالانہ آمدنی 28 کروڑ بھارتی روپے بنتی ہے۔
کوہلی کو آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور نے 21 کروڑ روپے میں اپنی ٹیم میں برقرار رکھا ہے جبکہ وہ بی سی سی آئی کی سینٹرل کنٹریکٹ کی گریڈ اے+ کیٹیگری میں شامل ہونے کی وجہ سے سالانہ 7 کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔
اس فہرست میں تیسرا نمبر بھارتی کرکٹر شریاس ائیر کا ہے جنہیں آئی پی ایل 2025 کیلئے پنجاب کنگز نے 26 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا ہے۔
واضح رہے کہ شریاس ائیر بی سی سی آئی کے سینٹرل کنٹریکٹڈ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔