موجودہ صدی بلاشبہ انٹرنیٹ کی صدی ہے جس نے دنیا بھر میں انسانوں کی رسائی کو فقط انگوٹھے کے اشارے کے ذریعے ایک کونے سے دوسرے کونے تک ممکن بنایا ہے بلکہ روزمرہ کی ضروریات زندگی کو بھی گھر کی دہلیز تک محض موبائل فون کے ذریعے حاصل کرنے میں بھی بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
کہاوت ہے کہ آپ کے پاس سب سے قیمتی شے سرمایہ یا طاقت نہیں بلکہ وقت ہوتا ہے کیونکہ اکثر ایسا ہوتا دیکھا گیا ہے کہ دولت یا طاقت ہونے کے باوجود وقت پر فیصلہ نہ کرنا آپ کو کمزور بنادیتا ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کے اس دور نے جہاں بے جا افرادی قوت کے تصور کو کم سے کم کیا ہے وہیں وقت کو بھی سکیڑ کر رکھ دیا ہے۔اس برق رفتار زندگی میں وقت اور سہولت کی اہمیت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ شہری اب ضروریات و سہولیات زندگی کا انحصار ڈیجیٹل سہولیات سے پورا کررہے ہیں۔
ٹیکنالوجی کے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ پولیس نے بھی شہریوں کو جدید دور کے تقاضوں کےعین مطابق سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے،جس کی واضح مثال 28 ستمبر 2024 کو کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں منعقدہ ایک سادہ و پروقار تقریب میں شہریوں کو گھر بیٹھے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت کا آغاز ہے۔
اس تقریب میں صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، آئی جی سندھ غلام نبی میمن،ایڈشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ سندھ اقبال دارا اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی جو اس امر کا عکاس ہے کہ یہ اقدام حکومت کی جانب سے شہری سہولتوں کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کی سنجیدہ کوششوں کا حصہ ہے۔
سندھ میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا روایتی طریقہ کار اکثر شہریوں کے لیے وقت اور مشقت طلب رہا ہے۔ شہریوں کو متعدد دستاویزی کارروائیوں اور لمبی قطاروں سے گزرنا پڑتا تھا بالخصوص کراچی جیسے مصروف شہر میں روزگار کے اوقات کے دوران وقت نکالنا انتہائی مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء سے یہ عمل نہایت آسان ہوگیا ہے۔ اور اس کار ہائے نمایاں کا سہرا سندھ پولیس کے سربراہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ سندھ اقبال دارا کو جاتا ہے۔
آئی جی سندھ کے وژن کے مطابق ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس نے آن لائن سہولت کو ممکن بنایا ہے۔ اب شہری گھر بیٹھے ہی اپنے موبائل فون یا لیپ ٹاپ کے ذریعے “لرنر ڈرائیونگ لائسنس “حاصل کرسکتے ہیں جبکہ بین الاقوامی لائسنس پرمٹ کی تجدید بھی آسانی سے کروائی جاسکتی ہے۔
چار نومبر سے ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ سندھ اقبال دارا نے سندھ حکومت کے وژن اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایات پر عوام الناس کے لیےآن لائن نان کمرشل مستقل لائسنس کی تجدید کا آغاز بھی کر دیا ہے ۔