لاہور: اداکارہ نگار چوہدری کے شوہر سے بھاری مقدار میں کوکین برآمد، پولیس کا مقدمہ درج
لاہور میں اسٹیج اداکارہ نگار چوہدری کے شوہر، عمار بٹ عرف سپیڈی، سے بھاری مقدار میں کوکین برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سی آئی اے پولیس کے مطابق دو ماہ قبل عمار بٹ کو وحدت کالونی سے گاڑی سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جس میں 10 کلو کے قریب کوکین موجود تھی۔ مزید تفتیش میں اداکارہ کی رہائشگاہ پر چھاپے کے دوران بھی منشیات برآمد ہوئی اور اس دوران بیگز بھی ضبط کیے گئے جن میں منشیات کی بڑی مقدار موجود تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کیا ہے۔ مزید تحقیقات کے لئے منشیات کے نمونے فرانزک لیب بھیج دیے گئے ہیں۔ عمار بٹ، جو پہلے بھی بیرون ملک چھ سال قید کاٹ چکے ہیں، اس وقت جیل میں ہیں اور ان کے خلاف ٹرائل جاری ہے۔
دوسری جانب اداکارہ نگار چوہدری نے اپنے شوہر کو بچانے کے لئے پولیس پر الزامات لگاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں غلط طور پر ملوث کیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے میں قانونی کارروائی جاری ہے اور الزامات کی حقیقت جلد سامنے آ جائے گی۔