اتوار 26 جنوری 2025ء
Light
Dark

شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پیزشکیان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار

وزیر اعظم شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے۔
وزیر اعظم سے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ملاقات جس میں شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پیزشکیان کیلیے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور پاکستان کا ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا جبکہ مشرق وسطیٰ کے خطے کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کی حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے حصول کی جدوجہد میں حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جاری نسل کشی مہم کی پُرزور مذمت کی اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے، غزہ میں بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ملاقات میں وزیر اعظم نے 26 اکتوبر کو ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کی اور ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کے اصولی مؤقف پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور خطے کی صورتحال پر ایران کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔