پیر 28 اپریل 2025ء
Light
Dark

وافی انرجی کا شیل پاکستان میں بڑا قدم

برطانیہ کی بین الاقوامی آئل کمپنی شیل کی ماتحت دی شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ سے 77.42 فیصد حصص کی خریداری کا عمل مکمل کرنے کے بعد وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ ( وافی انرجی) شیل پاکستان لمیٹڈ ( ایس پی ایل) کے اکثریتی حصص کی مالک بن گئی۔

اخبار میں شائع خبر کے مطابق اسید گروپ سے الحاق شدہ سعودی کمپنی وافی انرجی اب ایس پی ایل کے جاری کردہ کل حصص کے تقریباً 87.78 فیصد کی مالک بن چکی ہے۔

اس حوالے سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہےکہ شیل برانڈ خوردہ اور برانڈ لائسنسنگ معاہدوں کے ذریعے پاکستان میں اپنا وجود برقرار رکھے گا، اس حوالے سے شیل پاکستان لمیٹڈ نے خصوصی برانڈ لائسنس حاصل کررکھا ہے۔

مذکورہ بالا لین دین کے نتیجے میں زین کے حق، رائف ایچ بشیر اور ڈاکٹر محمد محمود ال بلوشی نے اپنے استعفے پیش کردیے ہیں۔

ایس پی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اسید ہولڈنگ گروپ کے سی ای او غسان الامودی، اسید ہولڈنگ گروپ کے سی ایف او جاوید اختر اور وی کرافٹ کنسلٹنگ کے ایم ڈی کائی اوئی وٹرسٹین کو ایس پی ایل کے بورڈ میں شامل کرلیا ہے۔ اسی طرح غسان الامودی کو ایس پی ایل کا چیئرپرسن مقرر کردیا گیا ہے۔