Light
Dark

.پاکستان میں واٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملے بڑھ گئے

پاکستان میں واٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملے بڑھ گئے، نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صارفین کو اکاؤنٹ بائیو میٹرک کے ذریعے لاک رکھنے کا مشورہ دے دیا، ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں واٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملوں میں اضافہ ہوچکا ہے، ہیکنگ کے ذریعے واٹس ایپ صارفین کی حساس کمیونیکیشن تک رسائی کا انکشاف ہوا ہے، سائبر حملوں میں اضافے کے پیش نظر نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (این سی ای آر) نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے ایڈوائزری جاری کردی، سائبر سکیورٹی ایڈوائزری میں صارفین کو اہم حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی گئی۔ ایڈوائزری میں صارفین سے کہا گیا ہے کہ ہیکنگ سے بچنے کیلئے وٹس ایپ پر مضبوط پاس ورڈ استعمال کریں، کسی بھی نامعلوم لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں، صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بایو میٹرک کے ذریعے لاک رکھیں، صارفین کو کلاؤڈ بیک اپ غیرفعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ عوامی مقامات پر وائی فائی پر واٹس ایپ کا استعمال سائبر حملوں کا باعث بن سکتا ہے۔ نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری میں کہا ہے کہ صارفین وٹس ایپ پر بلٹ ان سکیورٹی فیچرز استعمال کریں، صارفین اینٹی وائرس اور اینٹی مال وئیر سافٹ ویئر انسٹال کریں، صارفین واٹس ایپ سکیورٹی اپ ڈیٹس سے متعلق آگاہ رہیں، صارفین احتیاطی تدابیر اپنا کر سائبر حملوں سے آفیشل ڈیٹا محفوظ رکھ سکتے ہیں، صارفین کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر رپورٹ کریں۔