Light
Dark

پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان فہیم اشرف کی قیادت میں ہانگ کانگ کے لیے روانہ

سپر سکسز ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان فہیم اشرف کی قیادت میں ہانگ کانگ کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔
رہنما نیوز کے مطابق سات سال بعد منعقد ہونے والے ہانگ کانگ ورلڈ سکسز ٹورنامنٹ 2024 میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا 7 رکنی دستہ کپتان فہیم اشرف کی قیادت میں گزشتہ شب براستہ بنکاک، ہانگ کانگ کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔ سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر بلے باز سلیم یوسف بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ گئے ہیں۔
سپر سکس ٹورنامنٹ کا آغاز پہلی بار 1993 میں کیا گیا تھا تاہم یہ تواتر کے ساتھ نہ ہوسکا اور آخری ایڈیشن 2017 میں کھیلا گیا تھا۔
یہ ٹورنامنٹ چھ سال کے وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر میں واپس آرہا ہے جو ہانگ کانگ کے کولون کرکٹ کلب میں یکم سے 3 نومبر تک کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت 12 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم میں آصف علی، عامر یامین، دانش عزیز، حسین طلعت، شہاب خان اور محمد اخلاق بھی شامل ہیں
پاکستان ٹیم پول سی میں ہے اور اس کے ساتھ انڈیا اور یو اے ای شامل ہیں۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنل کھیلیں گی۔
گرین شرٹس یکم نومبر کو پہلا گروپ میچ یو اے ای اور دوسرا میچ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
کوارٹر فائنل دو نومبر کو جبکہ سیمی فائنل اور فائنل تین نومبر کو ہوں گے۔
ہانگ کانگ ورلڈ سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان کا ریکارڈ شاندار ہے۔ موجودہ چیمپئن، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ نے پانچ بار ٹورنامنٹ جیتا ہے جبکہ پاکستان چار ٹائٹلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
سری لنکا، بھارت، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے ایک ایک بار یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔