ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک کے معروف لیجنڈ ایتھلیٹ اعزازی کیپٹن محمد یونس فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئے۔
ذرائع کے مطابق لیجنڈ ایتھلیٹ ملک محمد یونس نے پاکستان کیلئے انٹرنیشنل مقابلوں میں 27 گولڈ میڈلز جیتے، 1974 میں ایران میں ہونیوالے ایشین گیمز میں ملک یونس نے 1500 میٹر دوڑ کا گولڈ میڈل جیتا۔ مرحوم 800 اور 1500 میٹر کی دوڑ کے ٹاپ ایتھلیٹ تھے۔
ملک محمد یونس نے پاکستان کیلئے 1970 اور 1978 کے ایشین گیمز میں سلور میڈلز جیتے، 1973 میں ہونیوالی ایشین ٹریک اینڈ فیلڈ چیمپئن شپ میں انہوں نے ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل جیتا۔
1970 میں ان کا بنایا ہوا 1500 میٹر دوڑ کا ریکارڈ آج تک کوئی پاکستانی نہ توڑ سکا، 3000 اور 5000 میٹر دوڑ میں بھی ان کے ریکارڈز آج تک برقرار ہیں،70 کی دہائی میں محمد یونس کے بنائے ہوئے ان کے متعدد قومی ریکارڈز آج بھی برقرار ہیں۔
پیرالمپکس میڈل جیتنے والے بھارتی ایتھلیٹس پر دولت کی برسات
ایتھلیٹکس کا کیرئیر 1979 میں ایک حادثے کے بعد ان کا اچانک اختتام پذیر ہوگیا تھا، محمد یونس کو 1991 میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔