شمالی پاکستان میں ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ متاثر کررہا ہے جس کے باعث اگلے تین سے چار دنوں کے دوران ملک بھر میں رات کے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ کراچی میں بھی رات کے وقت درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، اور شمالی و مشرقی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت 20 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جس سے خنکی کا احساس بڑھ سکتا ہے۔
اس دوران کراچی میں ہوا کا رخ شمال مغرب یا مغرب ہوگا جس کے باعث نمی کا تناسب زیادہ رہے گا۔ نتیجتاً، اوس نقطہ اور درجہ حرارت کے درمیان فرق کم ہوگا، جس سے شہر کے شمالی، مشرقی اور مغربی مضافات میں اگلے تین دنوں کے دوران خاص طور پر رات کے آخر اور صبح کے اوائل میں دھند اور اوس پڑنے کے امکانات ہیں، جس سے حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
مرکزی شہر میں مذکورہ تاریخوں کے دوران موسم زیادہ تر صاف یا ہلکا سا دھندلا رہنے کا امکان ہے اور ساتھ ساتھ اوس پڑ سکتی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔