Light
Dark

جسٹس یحییٰ آفریدی آج پاکستان کے 30ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد : جسٹس یحییٰ آفریدی آج پاکستان کے 30ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، صدر مملکت آصف زرداری حلف لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری آج گیارہ بجے ایوان صدر میں ہوگی۔
صدر آصف زرداری نامزدچیف جسٹس سے حلف لیں گے، تقریب میں وزیراعظم اور سروسزچیفس شریک ہوں گے۔
ایوان صدر میں حلف برداری کے دعوت نامے جاری کردیے گئے ہیں، ارکان پارلیمنٹ کو بھی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں
نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی حلف برداری تقریب میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم شرکت کریؓ گے۔
پروٹوکول آفیسرنے بتایا پشاور ہائی کورٹ کے تمام موجودہ اورسابق ججزکوبھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جسٹس یحییٰ 2016 سے 2018 تک پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہے ہیں۔
گذشتہ روز جسٹس قاضی فائزعیسیٰ بطور چیف جسٹس پاکستان ریٹائر ہوئے تھے، فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کہ ہوسکتا ہے ہم نے بے پناہ فیصلے غلط کیے ہوں، ہم قانون اور کاغذ پر چلتے ہیں اور سچ اوپر والا ہی جانتا ہے، کاغذ پرلکھا لفظ ایک پارٹی کو فائدہ دیتا ہے دوسرے کو نہیں۔
خیال رہے خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ کے نام کی منظوری دی تھی ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے بتایا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ کو دو تہائی اکثریت سے نامزد کیا۔
بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس یحییٰ کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دی۔
جسٹس یحییٰ کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کیلئے کی گئی اور تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت دی۔