واشنگٹن: وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ معاشی دباؤ سے نکلنے کیلئے آئی ایم ایف سے تقریباً ایک ارب ڈالرکی مالی معاونت درکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ معاشی دباؤ سے نکلنے کیلئےعالمی مالیاتی فنڈ سے تقریباً ایک ارب ڈالر کی مالی معاونت درکار ہے، عالمی مالیاتی فنڈ کو رقم فراہم کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے تجارتی اور کریڈٹ ریٹنگ بہتر بنانے میں مددملےگی، ہم نے غیرملکی زرمبادلہ کومستحکم رکھنے کیلئے درآمدات پرپابندی لگانے جیسے اقدامات کئےہیں، زرمبادلہ کے ذخائر اگلے سال مارچ کےآخر تک 13 بلین ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔
مہنگائی کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح38فیصد سے کم ہوکر 7فیصد پرآگئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پانڈابانڈ چین کی بڑی منڈیوں میں رسائی حاصل کرنے جارہے ہیں اور پاکستان تجارتی قرضوں کے حوالے سے مشرق وسطیٰ کے بینکوں کیساتھ مذاکرات کررہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے گزشتہ ماہ پاکستان کیلئے7ارب ڈالر کے قرض کی منظوری دی ہے، آئی ایم ایف نے مزید فنڈ کو آر ایس ٹی کے تحت فنانسنگ کے ذریعے مشروط کیا ہے۔