پشاور : سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے صدرویمن ونگ پی ٹی آئی کنول شوزب سے ملاقات میں کہا کہ اصل خوشی اس دن ہوگی جب بانی پی ٹی آئی رہا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے صدرویمن ونگ پی ٹی آئی کنول شوزب کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں کنول شوزب نے رہائی پر بشریٰ بی بی کو مبارک دی ، جس پر بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے کہا کہ خیریت سے ہوں بس آپ لوگ بانی پی ٹی آئی کی فکرکریں، اصل خوشی اس دن ہوگی جب بانی پی ٹی آئی رہاہوں گے۔
سابق خاتون اول کا کہنا تھا کہپارٹی کارکنان اوررہنماؤں کوبانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئےکوشش کرنی چاہیے۔
رہنما پی ٹی آئی کنول شوزب نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کمزور ہیں ان کا وزن گر چکا ہے۔
مزید پڑھیں : بشریٰ بی بی پشاور پہنچ گئیں
خیال رہے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے اڈیالہ جیل سےضمانت پررہائی کےبعد پہلی رات سی ایم ہاؤس پشاورمیں گزاری۔
سابق خاتون اول کو پورے پروٹوکول کے ساتھ سی ایم ہاؤس پشاورپہنچایا گیا، وزیراعلیٰ کا اسکواڈ سیکیورٹی پرمامور تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق خاتون اول کو بنی گالہ سے زمان پارک لاہورجاناتھا لیکن بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پشاور جانے کافیصلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ کو کچھ ہدایات دیں، وہ وزیراعلیٰ کوہدایات سےآگاہ کریں گی، جس کے مطابق پارٹی آئندہ کالائحہ عمل طے کرے گی۔
سابق خاتون اول وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں قیام کریں گی اور آج شوکت خانم اسپتال پشاور میں ان کا طبی معائنہ ہوگا۔
واضح رہے توشہ خانہ ٹو کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نےگزشتہ روزضمانت منظور کی تھی۔
اکتیس جنوری کو توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو چودہ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ، انہوں نے خود جیل جا کر گرفتاری دی بعد ازاں ہائی کورٹ نے سزا معطل کی تو انہیں توشہ خانہ ٹو کیس میں گرفتار کیاگیا، وہ مجموعی طورپرنوماہ اڈیالہ جیل میں رہیں۔